ملک کے مختلف علاقوں میں 24 تا 30 مارچ شدید بارش، آندھی اور طوفانی موسم کی پیشگوئی

منگل 24 مارچ 2026 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2026ء) محکمہ موسمیات نے 24 سے 30 مارچ تک ملک بھر میں شدید بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے بعض علاقوں میں ژالہ باری اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ کے مطابق ایک مضبوط مغربی سسٹم 24 مارچ کی شام بلوچستان میں داخل ہوگا، جو 27 مارچ کے بعد مزید شدت اختیار کر کے 31 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں، خصوصاً گوادر، تربت، پنجگور، کوئٹہ اور خضدار میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش متوقع ہے۔خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، دیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور اسلام آباد میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں 25، 26، 28 اور 29 مارچ کو بارش متوقع ہے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ بلوچستان میں 25 سے 28 مارچ، جبکہ خیبرپختونخوا کے ندی نالوں میں 28 سے 30 مارچ کے دوران فلیش فلڈ کا خطرہ ہے، اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان موجود ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کو فصلوں کی حفاظت، شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔