صوبے کے 7ماڈل تعلیمی اداروں کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے حکومت تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی،صوبائی وزیر ارشد ایوب

بدھ 1 اپریل 2026 18:07

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2026ء) خیبر پختونخواکے وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے7ماڈل تعلیمی اداروں کی عظمت رفتہ کو اصلی حالت میں بحال کرنے کے لیے موجودہ حکومت تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گی اور ان اداروں کو ایک بار پھر صوبے کے عوام کے لیے مثالی تعلیمی اداروں کے طور پر بحال کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں صوبے کے 7 نامور اور مثالی تعلیمی اداروں کے حوالے سے منعقدہ آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد خالد ،سپیشل سیکرٹری محمد صالح خان اور بورڈ کے دیگر افسران نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبے کے نامور تعلیمی اداروں فضل حق کالج مردان،ایبٹ آباد پبلک سکول،اکرم خان درانی کالج بنوں،پشاور پبلک سکول،ایکزلر کالج سوات ،سنگوٹہ پبلک سکول سوات ،یونیورسٹی وینسم کالج ڈی آئی خان کی بحالی کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی،انفراسٹرکچر،لیب،سپورٹس کی سہولت،اساتذہ کو جدید تربیت کی فراہمی اور دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دو سب کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ فزیکل طور پر ان اداروں کا وزٹ کریں گی اور وہ ہر ایک ادارے کا جائزہ لےکر اپنی رپورٹ اجلاس میں پیش کریں گی ۔

اجلاس میں صوبائی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ان مشہور نامور تعلیمی اداروں کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی اور ان اداروں کے لیے ایک جیسی یونیفارم پالیسی وضع کی جائے گی جس میں ان کی کپیسٹی بلڈنگ کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کے معیار کومزید بہتر کرنے اور تمام اداروں کو ڈیجیٹائزیشن کی طرف راغب کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان تعلیمی اداروں کی بحالی سے صوبے کے بچے اپنے علاقوں میں معیاری تعلیم حاصل کر سکیں گے اور تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں میں جانا نہیں پڑے گا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ سب تعلیمی ادارے صوبے کا سرمایہ ہیں ان کو اصلی حالت میں لانے کاپلان تیار کیا جائے گا اور انشاءاللہ ایک بار پھر ان تعلیمی اداروں میں ہمارے صوبے کے بچے معیاری تعلیم حاصل کر کے اچھے اچھے عہدوں پر فائض ہو سکیں گے۔