ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآبادکی زیر صدارت اجلاس،غیر معیاری اور زائد المعیادادویات کے خلاف کارروائی سخت کرنے کی ہدایت

جمعہ 3 اپریل 2026 19:22

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2026ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر نعمان منظور بٹ کی زیر صدارت اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر مظفرآباد راجہ لیاقت علی خان کے زیر اہتمام ضلع مظفرآباد کے ڈسٹری بیوٹرز، ہول سیلرز ادویات و الائیڈ میٹریل کا اجلاس ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ادویات کی مؤثر، معیاری اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے، ڈرگ ایکٹ اور متعلقہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد، ادویات کی کوالٹی برقرار رکھنے، سپلائی چین مینجمنٹ، مناسب اسٹوریج کنڈیشن، کولڈ چین مینجمنٹ، دورانِ ترسیل درجہ حرارت کو برقرار رکھنے، مکمل بل وارنٹی پر ادویات کی فروخت اور متعلقہ ریکارڈ کی درست تیاری جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں میسو پروسٹول، ٹیبلٹ پریگابالین اور نارکوٹکس سے متعلقہ ادویات صرف ڈرگ سیلز لائسنس نمبر 11 کے حامل میڈیکل سٹورز کو فراہم کرنے اور ان کی فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر نعمان منظور بٹ نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تمام قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کی جائے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیادادویات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ادویات اور الائیڈ میٹریل کے لیے مناسب اسٹوریج کنڈیشن کو یقینی بنایا جائے، زائد المعیاد ادویات کو بروقت مارکیٹ سے ہٹایا جائے اور کسی بھی قسم کی مصنوعی قلت یا ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کیا جائے۔

لائف سیونگ ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور ناجائز منافع خوری کے عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ڈسٹری بیوٹرز اور ہول سیلرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے سٹاک اور لین دین کا مکمل اور درست ریکارڈ رکھیں اور دوران انسپکشن متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے غیر معیاری قرار دی گئی ادویات کو فوری طور پر مارکیٹ سے تلف کرنے کے لیے بھی تعاون یقینی بنایا جائے۔

مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ، لائسنس کی معطلی یا منسوخی سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں تمام ڈسٹری بیوٹرز اور ہول سیلرز ادویات سے متعلقہ قوانین اور ضوابط پر عملدرآمد، غیر معیاری، ایکسپائرڈ اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی،ادویات کی مناسب اسٹوریج (درجہ حرارت اور صفائی) ہر صورت یقینی بنانے، سپلائی چین کو بہتر بنانے کے لیے باہمی رابطہ اور کوآرڈی نیشن کومضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں تمام ڈسٹری بیوٹرز اور ہول سیلرزکو اپنے اسٹاک اور فروخت کا مکمل اور درست ریکارڈ رکھنے اور ڈرگ انسپکٹر کو پیش کرنے کا پابند کیا گیا۔ دوران سپلائی گاڑیوں میں اے سی فنکشنل ہونا ضروری قرار دیا گیااور ویکسینز کے لیے باقاعدہ کولڈ چین اور ٹمپریچر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے ہدایت کی گئی۔جلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کم مقدار میں دستیاب ادویات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا اور انکی دستیابی میں کمی کی صورت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کو مطلع کیا جائے گا۔