ہیوسٹن میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے جواں سال بھتیجے کو قتل کر دیا گیا

قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت کر لی گئی، حکام

اتوار 5 اپریل 2026 16:00

ہیوسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2026ء) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے 18 سالہ بھتیجے عماد صدیقی کو ہیوسٹن میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جس نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعہ آلٹن میں پیش آیا جہاں کار جیکنگ کے دوران نامعلوم ملزمان نے عماد صدیقی کو گولی مار دی اور موقع سے فرار ہو گئے حملہ آور ایک کرسلر گاڑی میں سوار تھے۔

حکام کے مطابق قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ پاساندا پولیس ڈپارٹمنٹ ملزمان کی گرفتاری کے لیے متحرک ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اس وقت امریکہ میں دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت قید ہیں، اور اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔