ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد کی فرانس کے سفارتخانے کے قونصلر برائے تعاون و ثقافتی امور مارک پیٹن سے ملاقات

جمعرات 9 اپریل 2026 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2026ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد نے پاکستان میں فرانس کے سفارتخانے کے قونصلر برائے تعاون و ثقافتی امور مارک پیٹن سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور فرانس کے مابین تعلیمی روابط کو وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

بات چیت میں طلبہ و اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور جامعات کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی جبکہ تعلیمی نقل و حرکت (اکیڈمک موبیلٹی) کو مزید موثر بنانے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اس موقع پر فرانس کی سائنسی و اعلیٰ تعلیمی تعاون کی اتاشی سبین ورمیلارڈ کا بھی خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوہری ڈگری پروگرامز کے آغاز اور طویل المدتی ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان اور فرانس کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو نئی جہت دے گی اور دونوں ممالک کے طلبہ و جامعات کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔