نرسری تا دوم طلباء کیلئے آسان نصاب متعارف کرانے کا فیصلہ

جمعرات 9 اپریل 2026 22:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2026ء) محکمہ تعلیم پاکستان نے نرسری سے جماعت دوم تک طلباء پر تعلیمی بوجھ کم کرنے کی تجویز پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے، جس کے تحت آئندہ تعلیمی سال میں چائلڈ فرینڈلی نصاب متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کم عمر بچوں کے لیے آسان، دلچسپ اور سرگرمیوں پر مبنی نصاب تیار کیا جائے گا تاکہ ابتدائی کلاسز میں رٹہ سسٹم کے بجائے عملی سیکھنے کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

نئے نصاب میں سوشل سائنسز اور شہری تعلیم کو دوبارہ شامل کرنے کے ساتھ ساتھ طلباء کو لائف سکلز، کلائمٹ چینج اور معلوماتی تعلیم بھی دی جائے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان اس حوالے سے اتفاق رائے ہو چکا ہے اور ماہرین کی مشاورت سے تعلیمی اصلاحات پر کام جاری ہے۔ نئے نصاب کا اطلاق آئندہ تعلیمی سیشن سے متوقع ہے، جس سے بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت اور تخلیقی سوچ میں نمایاں بہتری آئے گی۔