آئی پی ایل میں ایک اور تنازع، تحقیقات کا آغاز کردیا گیا

واقعے کی مکمل چھان بین کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا، بی سی سی آئی

پیر 13 اپریل 2026 20:15

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2026ء) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)میں راجستھان رائلز کے ٹیم منیجر رومی بھنڈر کو شوکاز نوٹس دے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق رومی بھنڈر رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف 10 اپریل کو کھیلے گئے میچ کے دوران ڈگ آٹ میں موبائل فون استعمال کرتے نظر آئے تھے۔بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی ایس یو)نے اس معاملے پر اتوار کے روز بھنڈر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 48 گھنٹوں میں جواب طلب کیا ہے۔

قوانین کے مطابق پلیئرز اور ٹیم آفیشلز کو پلیئرز اینڈ میچ آفیشلز ایریا (پی ایم او ای) میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوتی تاکہ کسی بھی قسم کی مشکوک معلومات کے تبادلے کو روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

البتہ مخصوص حالات میں واکی ٹاکی کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔اطلاعات کے مطابق رومی بھنڈر نے ٹورنامنٹ سے قبل اپنی طبی حالت کے باعث موبائل استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی، تاہم ڈگ آٹ میں کال کرنا یا وصول کرنا پھر بھی ممنوع ہے۔

ذرائع کے مطابق وہ ممکنہ طور پر اسپانسرشپ سے متعلق انتظامی معاملہ دیکھ رہے تھے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جب رومی بھنڈر موبائل استعمال کررہے تھے تب ان کے برابر میں بیٹھے ویبھا سوریا ونشی بھی ان کی موبائل اسکرین کو دیکھ رہے تھے۔بی سی سی آئی حکام کے مطابق واقعے کی مکمل چھان بین کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔