ایچ ای سی کا ملکی جامعات میں جدید تعلیمی نظام کے لیے الفہری لرننگ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان

جمعرات 16 اپریل 2026 15:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2026ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی جامعات میں جدید تعلیمی نظام کو فروغ دینے کے لیے ’’الفہری لرننگ مینجمنٹ سسٹم‘‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو بلیک بورڈ کے تعاون سے تیار کیا گیا ایک جدید پلیٹ فارم ہے، اس کا مقصد غیر متوقع حالات جیسے آن لائن تعلیم کی ضرورت، خراب موسمی صورتحال، مہنگا سفر، صحت کے مسائل اور تعلیمی گنجائش کی کمی کے دوران تدریسی عمل کو بلا تعطل جاری رکھنا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق الفہری نظام پاکستان کی سرکاری جامعات کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے جو ہر جامعہ کو اپنی الگ شناخت اور خودمختار ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس نظام کے ذریعے طلبہ کو لیکچرز، اسائنمنٹس اور اساتذہ کی رائے تک کسی بھی وقت اور کسی بھی موبائل ڈیوائس کے ذریعے رسائی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی کے مطابق ہر صوبے کی پہلی 10 جامعات جو اس نظام کو کامیابی سے نافذ کریں گی انہیں ایچ ای سی کی سالانہ ڈیجیٹل ایکسیلینس رپورٹ میں نمایاں مقام دیا جائے گا، اس اقدام کو جامعات کی قیادت اور جدید تعلیمی وژن کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

الفہری سسٹم کی اہم خصوصیات میں کورس مینجمنٹ، اسائنمنٹ و امتحانی نظام، طلبہ کی کارکردگی کی نگرانی، خودکار جانچ اور اساتذہ کے لیے آسان تدریسی سہولیات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سسٹم میں سکیورٹی، بیک اپ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جدید فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کے نفاذ کے لیے ان کی ٹیم جامعات کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی جس میں اساتذہ کی تربیت، ابتدائی کورسز کی منتقلی اور پہلا آن لائن امتحان منعقد کروانے میں معاونت شامل ہے۔

حکام کے مطابق الفہری نظام کو صرف 4 سے 6 ہفتوں میں کسی بھی جامعہ میں فعال کیا جا سکتا ہے۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت اور جامعات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے میں مدد دے گا۔