یونیورسٹی آف سرگودھا میں منفرد اور بڑے پیمانے پر "میگا جاب فیئر" کا انعقاد

جمعرات 16 اپریل 2026 18:18

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2026ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں منفرد اور بڑے پیمانے پر "میگا جاب فیئر"منعقد ہواجس میں 120 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے شرکت کی۔ جاب فیئر کے دوران مختلف اداروں نے طلبہ و طالبات کے براہِ راست انٹرویوز کیے اور 500 سے زائد اُمیدواروں کو فوری طور پر ملازمتوں اور انٹرنشپس کے مواقع فراہم کیے گئے۔

اس موقع پر طلبہ کو نہ صرف روزگار کے مواقع میسر آئے بلکہ انہیں مختلف کمپنیوں کے نمائندگان سے براہِ راست روابط استوار کرنے، کیریئر رہنمائی حاصل کرنے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع بھی ملا۔یہ ایونٹ آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن، پلیسمنٹ آفس اور کیریئر ڈویلپمنٹ سنٹرکےاشتراک سےمنعقد کیا گیا، جس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور ممبر قومی اسمبلی ارم حامد حمید نے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال سمیت یونیورسٹی ڈینز، ڈائریکٹرز، تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے صدور اور طلباء و طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا یہ اقدام پاکستان کےبڑےترین جاب فیئرز میں شمار ہوتا ہے، جو اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ جامعہ نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے بلکہ اپنے طلبہ کو عملی میدان میں کامیاب بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات بھی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ناگزیر ہو چکا ہے، کیونکہ اسی کے ذریعے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کا وژن صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ طلبہ کو ایک مکمل پیشہ ور فرد کے طور پر تیار کرنا ہے، جو ملکی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

وائس چانسلر نے اورک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس معیار کے جاب فیئر کا انعقاد ایک بڑی کامیابی ہے، جو طلبہ کے روشن مستقبل کی ضمانت بنے گا۔ارم حامدحمید نےیونیورسٹی آف سرگودھا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے جاب فیئرز تعلیم اور عملی زندگی کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں، جہاں باصلاحیت نوجوانوں کواپنی صلاحیتوں کے اظہار اور پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھنے کے سنہری مواقع میسر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار ہنر مند اور بااختیار نوجوانوں پر ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے مواقع بھی فراہم کیے جائیں جہاں وہ اپنی قابلیت کو عملی میدان میں بروئےکارلاسکیں۔ پروفیسرڈاکٹراحمدرضابلال نےکہا کہ میگا جاب فیئر میں بینکاری، تعلیم، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف قومی و بین الاقوامی کمپنیاں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ تمام نمایاں ادارے یہاں موجود ہیں جن کی تلاش گریجویٹس کو ہوتی ہے، جس سے طلبہ کو براہِ راست ممکنہ امپلائرز تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔