انٹربورڈ کراچی کی جانب سے گیارہویں جماعت کے آزمائشی امتحانات کا آغاز ہوگیا

منگل 21 اپریل 2026 18:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2026ء) انٹر بورڈ کراچی کی جانب سے گیارہویں جماعت کے آزمائشی امتحانات کا آغاز ہوگیا ، پہلی بار امتحانات میں ڈیجیٹل اٹینڈینس مینجمنٹ سسٹم کا استعمال کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے تحت گیارہویں جماعت کے دو روزہ آزمائشی امتحانات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، اس سال امتحانی عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے تاکہ نظام میں شفافیت اور تیزی لائی جا سکے۔

یہ آزمائشی امتحانات انٹر بورڈ کراچی، سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن (سپلا) اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔امتحانات بیک وقت پانچ مراکز پر ہو رہے ہیں، جن میں فاطمیہ کالج (مرکزی مرکز)، سرسید گرلز کالج، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج جوہر، کیسپین کالج اور میریٹوریس کالج شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پہلی بار امتحانات میں ڈیجیٹل اٹینڈینس مینجمنٹ سسٹم کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی نمایاں خصوصیات میں پرچوں کی ترسیل، عملے کی پوزیشن اور طلبہ کی حاضری ریئل ٹائم میں آن لائن لی جا رہی ہے جبکہ طالب علم کو دی گئی جوابی کاپی کی تفصیلات حاضری کے ساتھ منسلک کر کے ایک ہی کلک پر سسٹم میں اپ لوڈ کر دی جاتی ہیں۔اس سسٹم سے غیر ضروری کاغذی کام ختم ہو جائے گا اور وقت کی بڑی بچت ہوگی۔

چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو، صدر سپلا پروفیسر منور عباس اور چیئرمین پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن حیدر علی نے مرکزی مرکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر چیئرمین انٹر بورڈ نے کہا کہ "امتحانی عمل کو ڈیجیٹائز کرنے سے شفافیت یقینی ہوگی جبکہ پروفیسر منور عباس کا کہنا تھاکہ "نئے طریقہ کار سے کاغذی کارروائی کے بوجھ سے چھٹکارا ملے گا۔چیئرمین پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ "نئی گریڈنگ پالیسی اور ای-اسسمنٹ کی وجہ سے ان آزمائشی امتحانات کا انعقاد ضروری تھا تاکہ طلبہ کو نئے نظام سے آگاہی حاصل ہو سکے۔کراچی انٹر بورڈ کا یہ ڈیجیٹل تجربہ امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :