اکنامکس کی تین پی ایچ ڈی اسکالرز کے کامیاب پبلک ڈیفنس ڈگری کے اجراء کی منظوری کی سفارش کردی گئی

جمعرات 30 اپریل 2026 17:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) خواتین یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اکنامکس کی تین پی ایچ ڈی اسکالرز نے اپنے تحقیقی مقالات کا کامیاب پبلک ڈیفنس مکمل کر لیا جس کے بعد انہیں پی ایچ ڈی ڈگری کے اجراء کے لیے باضابطہ طور پر سفارش کر دی گئی۔ پبلک ڈیفنس کی تقریبات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ان تحقیقی مطالعات میں موجودہ دور کے اہم معاشی موضوعات کو جامع انداز میں زیر بحث لایا گیا، جن میں ترقی پذیرممالک میں ڈیجیٹل کاری اور معاشی کارکر دگی، مالی شمولیت اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، ماحولیاتی اثرات میں ادارہ جاتی معیار کا کردار، اور پاکستان میں بین الاقوامی مزدور نقل و حرکت کے معاشی اثرات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پی ایچ ڈی اسکالر نازیہ ناصر نے او آئی سی ممالک میں مالی شمولیت، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور ماحولیاتی اثرات پر تحقیق پیش کی، جس میں ادارہ جاتی معیار کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔

ایمن جاوید نے ڈیجیٹل کاری کے معاشی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا فروغ پیداواریت، روزگار اور معاشی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ خضرا سردار نے پاکستان کے تناظر میں بین الاقوامی مزدور نقل و حرکت کے اثرات کا تجزیہ پیش کیا، جس میں ترسیلات زر، مہارتوں کی کمی اور لیبر مارکیٹ پر اثرات کو واضح کیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے اسکالرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحقیقی کام نہ صرف علمی میدان میں اہم اضافہ ہیں بلکہ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز کے حل میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔تقریبات میں اساتذہ، محققین، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسکالرز کی علمی کاوشوں کو سراہا۔