کھیل صحت مند اور متحرک معاشرے کی ضمانت ہیں، سی ای او میپکو

جمعرات 30 اپریل 2026 19:35

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے کہا ہے کہ کھیل کسی بھی معاشرے کو مضبوط، صحت مند اور متحرک بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہ نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، ٹیم ورک اور باہمی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار میپکو فٹبال گراؤنڈ میں منعقدہ دوسری ہینڈ بال فرینڈلی سیریز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں میپکو ملتان، آئیسکو اسلام آباد اور آرمی یونٹ نمبر 22 کی ٹیموں نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فرینڈلی سیریز اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔سی ای او میپکو نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں خود اعتمادی، برداشت اور باہمی تعاون جیسی مثبت خصوصیات کو فروغ دیتے ہیں اور منفی رجحانات کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح کی سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھیں تاکہ ملازمین اور نوجوان نسل کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس موقع پر صدر میپکو سپورٹس ایسوسی ایشن و جنرل منیجر آپریشن محمد اکرم سیال نے کہا کہ میپکو سپورٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اس سے قبل ہاکی، باسکٹ بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی کامیابی سے منعقد کروائے جا چکے ہیں، جن میں ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔میپکو سپورٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تین ٹیموں پر مشتمل والی بال فرینڈلی سیریز بھی کامیابی سے منعقد ہوئی، جس کے میچز میپکو ہیڈکوارٹر میپکو کالونی کے گراؤنڈ میں کھیلے گئے۔

سخت مقابلوں کے بعد میپکو ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی آئیسکو اسلام آباد دوسری اور آرمی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب کے اختتام پر آئیسکو اسلام آباد کی سپورٹس آفیسر صنم یاسین، فوکل پرسن سپورٹس شازیہ نورین، ٹیموں کے کوچز و کپتانوں اور دیگر شرکاء میں شیلڈز، انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔