Live Updates

آئی سی سی ٹیم رینکنگ: پاکستان کی چھٹی پوزیشن پر ترقی

آسٹریلوی مینز بدستور ٹیسٹ رینکنگ میں سر فہرست

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 مئی 2026 11:48

آئی سی سی ٹیم رینکنگ: پاکستان کی چھٹی پوزیشن پر ترقی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مئی 2026ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے سالانہ رینکنگ جاری کردی، آسٹریلیا مینز کی ٹیسٹ اور ویمنز ون ڈے کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ 
سالانہ اپ ڈیٹ میں مئی 2025ء سے اب تک کے میچز کو مکمل (100 فیصد) جبکہ اس سے پہلے کے دو سال کے نتائج کو 50 فیصد وزن دیا گیا ہے۔ 
مردوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا 131 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے، جبکہ جنوبی افریقہ 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے۔

 
بھارت ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر (104) پر آ گیا ہے جبکہ انگلینڈ 102 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر چلا گیا۔ 
انگلینڈ کی تنزلی کی بڑی وجہ پرانے میچز، خصوصاً نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور پاکستان کے خلاف کامیاب سیریز کا ریکارڈ، رینکنگ سے خارج ہونا ہے۔

(جاری ہے)

 

پاکستان نے بھی فائدہ اٹھاتے ہوئے 89 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی حاصل کی، قومی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں 7ویں سے چھٹے نمبر پر آ گئی، سات پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

 
سری لنکا کا ٹیسٹ رینکنگ میں 7واں ویسٹ انڈیز کا 8واں بنگلا دیش کا 9واں اور زمبابوے کا 11ویں سے 10واں نمبر ہے۔ 
ٹاپ 10 میں آئرلینڈ مطلوبہ میچز نہ کھیلنے کے باعث رینکنگ سے باہر ہو گیا ہے۔ آئرلینڈ اور افغانستان کو دوبارہ شامل ہونے کے لیے آئندہ سال میں کم از کم دو ٹیسٹ میچز کھیلنا ہوں گے۔ 
یہ بات قابل ذکر ہے کہ شان مسعود کی قیادت میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے بنگلہ دیش کا سفر کرے گی جو جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 27-2025ء سائیکل کا حصہ ہے۔

 
سیریز کا آغاز 8 سے 12 مئی تک شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکہ میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 مئی تک سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
اس سال کے آخر میں پاکستان انگلینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی کھیلے گا۔
Live آپریشن غضب للحق سے متعلق تازہ ترین معلومات