سپین کی غزہ جانے والے فلوٹیلا کواسرائیلی فوج کی طرف سے روکنے کی مذمت

جمعہ 1 مئی 2026 10:30

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2026ء) سپین نے غزہ جانے والے فلوٹیلا کواسرائیلی فوج کی طرف سے روکنے کی مذمت کی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق ہسپانوی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلوٹیلا پرہسپانوی شہری سوار ہیں جو اہل غزہ کے ساتھ انسانی بنیادوں پر اظہار یکجہتی کے لیے جانا چاہتے تھے، فلوٹیلا کو یونان کے نزدیک بین الاقوامی پانیوں میں روکا گیا ہے۔

اس سلسلے میں سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں اسرائیلی ناظم الامور کو طلب کیا گیا اور فلوٹیلا کو روکے جانے پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسرائیل میں موجود ہسپانوی سفارتی عملہ فلوٹیلا کے منتظمین کے ساتھ رابطے میں ہے، جبکہ وزیر خارجہ جوز مینوئل الباریس نے بھی اسرائیلی ہم منصب سے فلوٹیلا پر موجود اپنے شہریوں کے لیے بات کی ہے۔

(جاری ہے)

غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل کی طرف سے غزہ کے جاری محاصرے کو علامتی طور پر توڑنے کے لیے یہ فلوٹیلا حالیہ ہفتوں میں فرانس کی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا ،جواٹلی اور سپین کے راستے آگے بڑھا تھا۔یاد رہے کہ فلوٹیلا کے منتظمین نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ان کے ساتھ جانے والی کشتیوں کو کریٹ کے ساحل سے روانہ ہونے کے بعد اسرائیلی بحریہ کے جہازوں نے محاصرے میں لے لیا ہے۔