ڈیرہ غازی خان کونسل آف دی آرٹس اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے عالمی یومِ مزدور کے موقع پرتقریب

جمعہ 1 مئی 2026 13:02

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2026ء) پنجاب کونسل آف دی آرٹس ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے عالمی یومِ مزدور کے موقع پرتقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل مقبول احمد رانا، پرنسپل ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ محمد اظہر قسمانی، ڈپٹی ڈائریکٹر آرٹس کونسل نعیم اللہ طفیل، صدر ویمن چیمبر آف کامرس فرح بشیر، ریٹائرڈ پرنسپل محبوب حسین جھنگوی، پروفیسر محمد صادق قسمانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرامز قاسم کھوسہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایچ آر فضل کریم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پرمقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ محنت کش طبقہ کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مزدور ملکی معیشت کی مضبوطی کا اہم ستون ہیں، لہٰذا ان کے حقوق کا تحفظ، مناسب اجرت کی فراہمی اور محفوظ کام کے ماحول کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ کے ذریعے نوجوان نسل کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے، جس سے نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ ملکی ترقی کی رفتار میں بھی اضافہ ہوگا۔تقریب کے دوران طلبہ نے یوم مزدور کی مناسبت سے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے، جنہیں حاضرین نے سراہا اور طلبہ کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔