ضلعی انتظامیہ،غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 6 عمارتیں مسمار اور 8 سیل

ہفتہ 2 مئی 2026 17:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2026ء) منظم اور بہتر معیار کے شہری ڈھانچے کے حامل لاہور کے وژن کی تکمیل کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور نے غیر قانونی تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف ایک بھرپور اور فیصلہ کن مہم کا آغاز کر رکھا ہے جس کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی براہ راست نگرانی میں شہر کے مختلف زونز میں گرینڈ آپریشن کیا گیا۔

اس آپریشن کا بنیادی مقصد شہر کے ماسٹر پلان کا تحفظ کرنا اور غیر قانونی کمرشل و رہائشی تعمیرات کو روک کر شہری ڈسپلن کو بحال کرنا ہے تاکہ مستقبل میں لاہور کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی خصوصی ہدایات پر ٹاون پلاننگ برانچ کی فیلڈ ٹیموں نے شالیمار زون اور اقبال ٹاون میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر6 غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کر دیا ہے جبکہ8 دیگر پراپرٹیز کو موقع پر سیل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شالیمار زون میں بیگم پورہ، پیکو روڈ، عبدالرحمان حق نواز روڈ، ناخدا چوک اور سلطان پورہ کے علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں جہاں نقشہ کی منظوری کے بغیر تعمیر کی جانے والی2 عمارتوں کو گرا دیا گیا اور7 عمارتوں کو سیل کیا گیا جبکہ اقبال ٹاون زون میں سندر رائیونڈ روڈ،ملتان روڈ کے قریب ورکشاپ روڈ اور قصور رائیونڈ روڈ بائی پاس پر4 غیر قانونی عمارتیں مسمار اور ایک کو سیل کیا گیا ہے۔

ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے واضح کیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی ایسی تعمیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو شہر کے منظور شدہ نقشے اور بلڈنگ پلان کے خلاف ہو۔ انہوں نے فیلڈ ٹیموں کو حکم دیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں اور جہاں بھی بغیر منظوری کے تعمیراتی کام نظر آئے اسے فوری طور پر روک کر قانونی ایکشن لیا جائے کیونکہ لاہور کو ایک منظم شہر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس آپریشن کے ذریعے ڈویلپرز اور پراپرٹی مالکان کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی تعمیر سے قبل متعلقہ محکموں سے نقشہ کی منظوری حاصل کریں بصورت دیگر انہیں بھاری جرمانوں، پراپرٹی سیل کرنے اور مسماری جیسی سخت کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی یہ کوششیں نہ صرف شہر کے حسن کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ اس سے سرکاری زمینوں کے تحفظ اور تجاوزات کے خاتمے میں بھی بڑی کامیابی ملے گی۔ شہریوں کی سہولت اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنٹرول روم نمبر 03070002345 بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ عوام غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کر کے اس مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دے سکیں اور ایک محفوظ و خوبصورت لاہور کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :