پنجاب کے 80 فیصد سے زائد کسان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہو رہے ہیں، شاہد عمران

اتوار 3 مئی 2026 12:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پنجاب کے80 فیصد سے زائد کسان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات جھیل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں سی ای او موراساکی جیپنیز لینوایج سکول عثمان اختر کی سربراہی میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسطی پنجاب میں بارشوں کا نظام غیر مستحکم ہو چکا ہے،اپریل کی غیر متوقع بارشوں نے گندم کی کٹائی متاثر کی جبکہ جولائی اور اگست کی شدید بارشیں کپاس اور دھان کی فصلوں کیلئے خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روایتی مون سون سائیکل بدل چکا ہے اور بارشیں کم وقت میں زیادہ شدت سے ہو رہی ہیں جبکہ گنا، چاول اور مکئی جیسی پانی طلب فصلیں بڑھ رہی ہیں اور کپاس کی کاشت کم ہو رہی ہے۔شاہد عمران کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے کسانوں کو اربوں روپے نقصان پہنچ چکا ہے جبکہ بڑھتے درجہ حرارت سے گندم کی پیداوار میں9 سے 30 فیصد تک کمی ہو رہی ہے۔وفد کے سربراہ عثمان اختر نے کہا کہ بے ترتیب بارشوں،شدید گرمی اور مختصر سردیوں نے کسانوں پر دبائو بڑھا دیا ہے اور فصلوں کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے۔