یورپی آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا یورپی آٹو صنعت کے تحفظ کے لیے امریکی تجارتی معاہدہ جلد مکمل کرنے کا مطالبہ

منگل 5 مئی 2026 10:58

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) یورپی آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (ای سی ای اے )نے یورپی یونین اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے سے متعلق جاری مذاکرات کو تیزی سے مکمل کرنے پر زور دیا ہے، جو 6 مئی کو طے شدہ ’’ٹرائی لاگ‘‘ اجلاسوں سے قبل مکمل کیے جانے چاہئیں اور کہا ہے کہ فوری معاہدہ یورپی آٹو برآمدات کے لیے نمایاں فوائد کو یقینی بنائے گا۔

اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ایسوسی ایشن نے یورپی پارلیمنٹ میں حاصل ہونے والے وسیع سیاسی اتفاقِ رائے اور کونسل آف دی یورپی یونین کی جانب سے تعمیری شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کو بروقت حتمی شکل دینا صنعت کے لیے وضاحت فراہم کرنے اور متوقع معاہدے سے مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ای سی ای اے نے نشاندہی کی کہ امریکا، برطانیہ کے بعد یورپی کار برآمدات کے لیے دوسری بڑی مارکیٹ ہے، جو 2025 میں یورپی یونین کی مجموعی برآمدات کا 18.4 فیصد بنتا ہے۔

تقریباً 6 لاکھ 70 ہزار نئی گاڑیاں یورپی یونین سے امریکی مارکیٹ کو برآمد کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 31 بلین یورو رہی۔صاف توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی منتقلی کے حوالے سے اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں امریکا کو برآمد ہونے والی گاڑیوں میں بیٹری سے چلنے والی الیکٹرک کاروں کا حصہ 12 فیصد تھا، جن کی تعداد 80 ہزار 205 رہی اور مالیت تقریباً 4 بلین یورو تھی۔

ایسوسی ایشن نے یہ بھی بتایا کہ یورپی آٹو ساز کمپنیاں امریکامیں سالانہ تقریباً 8 لاکھ 30 ہزار گاڑیاں تیار کرتی ہیں، جن میں سے 50 سے 60 فیصد برآمد کی جاتی ہیں، جبکہ کچھ گاڑیاں دوبارہ یورپی یونین کو بھی برآمد کی جاتی ہیں۔ یہ دونوں اطراف کے لیے مستحکم تجارتی تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ای سی ای اے نے زور دیا کہ یورپی آٹو موبائل شعبہ معیشت کا ایک بنیادی ستون ہے، جو تقریباً 1 کروڑ 36 لاکھ ملازمتیں فراہم کرتا ہے، جو یورپی یونین کی مجموعی صنعتی روزگار کا 8.1 فیصد بنتی ہیں۔

یہ شعبہ یورپی یونین کی مجموعی قومی پیداوار میں 8 فیصد سے زائد حصہ ڈالتا ہے، 93.9 بلین یورو کا تجارتی سرپلس پیدا کرتا ہے اور سالانہ 84.6 بلین یورو تحقیق و ترقی پر خرچ کرتا ہے۔ایسوسی ایشن نے یورپی پارلیمنٹ اور کونسل سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد مذاکرات کی کامیابی کے لیے مشترکہ موقف اختیار کریں تاکہ یورپی صنعت کی عالمی مسابقت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔