انگلش پریمیئرلیگ،مانچسٹر سٹی اور ایورٹن کا میچ انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-3 گول سے برابر

منگل 5 مئی 2026 15:35

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) مانچسٹر سٹی اور ایورٹن کی ٹیموں کے درمیان انگلش پریمیئر لیگ کا اہم میچ انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-3 گول سے برابر ہو گیا، جس کے بعد اب چیمپئن شپ کا فیصلہ مکمل طور پر آرسنل کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق انگلش پریمیئر لیگ کے 34 ویں سیزن میںمنگل کو ہل ڈکنسن سٹیڈیم، لیورپول، انگلینڈمیں کھیلے گئے اس میچ میں مانچسٹر سٹی نے جیرمی ڈوکو کے گول کی بدولت ایورٹن کے خلاف 0-1 گو ل کی برتری حاصل کی تھی لیکن دوسرے ہاف کے محض 13 منٹوں میں کھیل کا نقشہ اس وقت پلٹ گیا جب ایورٹن نے دفاعی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لگاتار تین گول داغ دئیے۔

مانچسٹر سٹی کی جانب سے ایرلنگ ہالینڈ اور جیرمی ڈوکو نے میچ کے آخری لمحات میں گول کر کے شکست تو ٹال دی لیکن 2 پوائنٹس گنوانے کے بعد مانچسٹر سٹی کی ٹیم اب پوائنٹس ٹیبل پر پیچھے رہ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس ڈرا کے نتیجے میں آرسنل کے لیے راستہ صاف ہو گیا ہے اور اب اگر وہ اپنے بقیہ تینوں میچ جیت جاتے ہیں تو 2004 کے بعد پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیں گے۔

مانچسٹر سٹی کے مینیجر پیپ گارڈ یولا کا کہنا ہے کہ اب ٹائٹل کی قسمت ان کے اپنے ہاتھ میں نہیں رہی اور انہیں دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔دوسری جانب فٹ بال ماہرین کا کہنا ہے کہ لیگ کے آخری ہفتے میں ابھی کئی ڈرامائی تبدیلیاں متوقع ہیں۔فٹبال شائقین کے لیے یہ سیزن انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں ہر میچ ٹائٹل کے فیصلے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :