سیلنگ میں پاکستان کی 2 خواتین نے نئی تاریخ رقم کر دی

بدھ 13 مئی 2026 23:00

سیلنگ میں پاکستان کی 2 خواتین نے نئی تاریخ رقم کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) پہلی بار پاکستان کی دو سیلرز نے انٹرنیشنل سیلنگ جج بننے کے لیے پہلا مرحلہ مکمل کر لیا۔زویا اسد علی اور مہناز جمیل نے تھائی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ سیلنگ کے انٹرنیشنل سیمینار میں شرکت کی اور سیمینار کے بعد دونوں پاکستانی سیلرز امتحان میں عمدہ نمبرز سے پاس ہوئیں۔زویا اسد علی انٹرنیشنل ریس آفیسر کیپٹن ارشد کی نواسی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی خواتین نے پہلی بار ججز کا کورس مکمل کیا ہے، دونوں خواتین سیلرز کا تعلق پاکستان ایئر فورس کے یاٹ کلب سے ہے، دونوں خواتین سیلرز کو 4 سال کے اندر 3 انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرنا ہو گی۔انٹرنیشنل ریس میں ان کی کارکردگی دیکھنے کے بعد انہیں انٹرنیشنل سیلنگ جج کا درجہ مل جائے گا، اس سے قبل سیلنگ میں پاکستان کے 3 سیلرز انٹرنیشنل ججز رہ چکے ہیں۔80 کی دہائی میں کیپٹن ذکا اللہ چوہدری مرحوم اور ایڈمرل ریٹائرڈ خالد محمود اختر انٹرنیشنل سیلنگ کے ججز رہے جبکہ 1996 میں کیپٹن ارشد نے کوالیفائی کر کے انٹرنیشنل جج کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا اور اب وہ انٹرنیشنل ریس آفیسر ہیں۔