پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لیے فائنل ٹرائلز کا شیڈول جاری

بدھ 13 مئی 2026 23:00

پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لیے فائنل ٹرائلز کا شیڈول جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لیے فائنل ٹرائلز کا شیڈول جاری کر دیا گیا جس کے مطابق مزکورہ ٹرائلز 19 اور 20 مئی کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیلجیئم اور برطانیہ میں ہونے والے آئندہ پی آئی ایچ پرو لیگ میچز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لیے فائنل فیز ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پی ایچ ایف کے مطابق، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہدایت اور پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی و نیشنل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں، فائنل ٹرائلز 19 اور 20 مئی کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔ ٹرائلز شام چار بجے شروع ہوں گے۔قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے یہ ٹرائلز نیشنل سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ اولمپین منظور الحسن کی زیر نگرانی ہوں گے۔ ٹریننگ کیمپ میں موجود تمام شارٹ لسٹ کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر ٹرائلز کے لیے رپورٹ کریں۔ٹرائلز کے اختتام پر نیشنل سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی فہرست ڈویلپمنٹ کمیٹی کو جمع کرائے گی، جس کی حتمی منظوری صدر پی ایچ ایف دیں گے۔ فائنل سکواڈ کا اعلان اسی روز کیا جائے گا۔