کرکٹ میں گراں قدر خدمات پر شاہد آفریدی کو ہلال امتیاز سے نواز دیا گیا

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں سول اعزازات تقسیم کرنے کے لیے ایوانِ صدر میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 مئی 2026 17:11

کرکٹ میں گراں قدر خدمات پر شاہد آفریدی کو ہلال امتیاز سے نواز دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2026ء) پاکستان کی کرکٹ میں گراں قدر خدمات پر شاہد آفریدی کو ہلال امتیاز سے نواز دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کرکٹ سٹار صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ’ہلالِ امتیاز‘ کا اعزاز عطا کیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں سول اعزازات تقسیم کرنے کے لیے ایوانِ صدر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی، جہاں شاہد خان آفریدی کو ملنے والا یہ اعزاز کرکٹ کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر دیا گیا ہے، ان کے طویل کرکٹنگ کیریئر، خاص طور پر ان کی آل راؤنڈ صلاحیتوں کو ریاست کی جانب سے سراہا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ اسی تقریب میں معظم جاہ انصاری کو بھی خدماتِ عامہ کے شعبے میں ان کی بہترین کارکردگی پر ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا، صدر مملکت نے پولیس اور عوامی خدمات کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر معظم جاہ انصاری کو ’ہلالِ امتیاز‘ کے اعزاز سے نوازا۔