نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی

نعمان علی ٹاپ تھری سے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 مئی 2026 15:07

نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی
میرپور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 مئی 2026ء ) پاکستانی کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مایوس کن اختتام کے بعد پھسل گئے ہیں جسے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں 104 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 
ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل 689 پوائنٹس کے ساتھ 6 درجے تنزلی کے ساتھ نویں سے 15 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 21 ویں نمبر پر برقرار ہیں۔

 
بابر اعظم جو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے وہ بھی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 23 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ سلمان علی آغا بھی دو درجے تنزلی کے ساتھ 29 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

 

حالیہ میچ میں ناقص کارکردگی کا سامنا کرنے والے ٹیسٹ کپتان شان مسعود 548 پوائنٹس کے ساتھ 40 ویں سے 46 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

 
بائیں ہاتھ کے بلے باز امام الحق چار درجے تنزلی کے ساتھ 53 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ اوپنر عبداللہ شفیق جو کہ پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں، ایک درجہ ترقی کر کے 54 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ 
ڈیبیو کرنے والے عبداللہ فضل جنہوں نے مذکورہ ٹیسٹ میں جڑواں نصف سنچریوں کے ساتھ اپنا بین الاقوامی آغاز کیا تھا، وہ 422 پوائنٹس کے ساتھ 75 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں، اس کے بعد سنچری میکر اذان اویس 82 ویں نمبر پر ہیں۔

 
انگلینڈ کی جوڑی جو روٹ اور ہیری بروک سرفہرست دو مقامات پر براجمان ہیں، روٹ پہلے اور بروک دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ تیسرے نمبر پر ہیں۔ 
ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں اسپنر نعمان علی 825 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر سے تین درجے تنزلی کے بعد ٹاپ تھری سے پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ 
شاہین آفریدی اور محمد عباس بالترتیب 24 ویں اور 28 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ حسن علی 497 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کے ساتھ 40 ویں نمبر پر ہیں۔

 
سپنر آصف آفریدی تین درجے تنزلی کے ساتھ 82 ویں جبکہ آغا سلمان 189 پوائنٹس کے ساتھ چار درجے گر کر 91 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ 
ہندوستان کے جسپریت بمراہ بدستور دنیا کے ٹاپ رینکنگ ٹیسٹ باؤلر کے ساتھ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک دوسرے اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری تیسرے نمبر پر ہیں۔