گلین میکسویل ریٹائرمنٹ کے باوجود وکٹوریہ کی نمائندگی کے لئے تیار، میتھیو شارٹ بھی دستیاب ہوں گے

منگل 5 مئی 2026 20:15

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) آسٹریلیا کے مایہ ناز آل رانڈر گلین میکسویل نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ اور سٹیٹ کنٹریکٹ نہ ہونے کے باوجود وکٹوریہ کی جانب سے 50 اوورز کی کرکٹ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گلین میکسویل کی طرح میتھیو شارٹ بھی کرکٹ آسٹریلیا کا کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد ریاست کوئینز لینڈ میں رہائش کے باوجود وکٹوریہ کے لیے اپنی دستیابی برقرار رکھیں گے۔

گلین میکسویل جو رواں سال اکتوبر میں 38 برس کے ہو جائیں گے، 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں، تاہم وہ اپنی فٹنس اور فارم کو برقرار رکھنے کے لئے وکٹوریہ کی جانب سے ون ڈے کپ کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔ گزشتہ سال بھی انہوں نے ریٹائرمنٹ کے بعد وکٹوریہ کیلئے 2 میچ کھیلے تھے جس میں ایک شاندار سنچری بھی شامل تھی۔

(جاری ہے)

گلین میکسویل کا ہدف اب صرف ٹی ٹونٹی فارمیٹ ہے اور وہ خود کو انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے تیار رکھنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب میتھیو شارٹ نے غیر ملکی فرنچائز لیگز میں شرکت اور شیڈول کی آزادی کے پیش نظر سٹیٹ کنٹریکٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے انہیں این او سی کے حصول میں آسانی رہے گی۔وکٹوریہ کرکٹ نے سیزن 27-2026 کے لئے اپنے سکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے جس میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ پیٹر ہینڈزکومب، مارکس ہیرس اور سکاٹ بولینڈ جیسے تجربہ کار کھلاڑی سکواڈ کا حصہ ہیں۔