پی ایس ایل فائنل کی تقریب میں آتش بازی کیخلاف درخواست پر سماعت

عدالت نے درخواست گزار کو آتش بازی سے متعلقہ دستاویزات لف کرنے کی ہدایت کر دی

جمعرات 7 مئی 2026 16:08

پی ایس ایل فائنل کی تقریب میں آتش بازی کیخلاف درخواست پر سماعت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کی تقریب میں آتش بازی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار کو آتش بازی سے بابت دستاویزات لف کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے پی ایس ایل کے فائنل میں آتش بازی کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔

عدالت نے کہا کہ آپ نے کوئی دستاویزات لف نہیں کئے جس سے معلوم ہو سکے کہ آتش بازی ہوئی۔

(جاری ہے)

درحواست گزار نے عدالت سے دستاویزات لف کرنے کی مہلت کی اجازت طلب کر لی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پی ایس ایل کا 3مئی 2026ء کو قذافی سٹیڈیم میں فائنل میچ کھیلا گیا ،فائنل کے موقع پر آتش بازی کر کے آئین کے آرٹیکل 9کی خلاف ورزی کی گئی ،حکومت نے شہریوں اور کسانوں پر اینٹی سموگ لاک ڈائون نافذ کر رکھا ہے۔ درخواست گزار مزید کہا کہ لاہور شہر میں فضائی آلودگی پہلے ہی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے،پی ایس ایل فائنل میں آتش بازی کی اجازت دینا غیرامتیازی سلوک ہے۔