پاکستانی عازمین کے منیٰ قیام کے لیے انتظامات حتمی مراحل میں داخل، خیموں میں میڈیکل کلینک اورڈیجیٹل مارکنگ ہوگی، کوآرڈینیٹر مکہ

بدھ 6 مئی 2026 17:59

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) حج 2026 کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے ’’منیٰ‘‘ میں تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان نے میڈیا نمائندوں کو منیٰ کے ماڈل کیمپس کا دورہ کراتے ہوئے بتایا ہےکہ رواں سال حجاج کرام کے لیے قیام و طعام اور دیگر سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے تاکہ وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادات ادا کر سکیں۔

ذوالفقار خان نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ عازمین حج کی سہولت کے لیے اس بار کیمپوں میں صوفہ کم بیڈ متعارف کرائے گئے ہیں۔ ہر خیمے میں بیڈز کی گنتی، نمبرنگ اور متعلقہ حجاج کے ناموں کی فہرستیں پہلے ہی آویزاں ہوں گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ منیٰ میں اکثر حجاج کو اپنا بیڈ تلاش کرنے میں دشواری کا سامنا ہوتا تھا جسے ختم کرنے کے لیے تمام ڈیٹا کو ’’پاک حج ایپ‘‘ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ ہر حاجی اپنے موبائل کے ذریعے اپنے مخصوص کیمپ اور بیڈ تک آسانی سے پہنچ سکے۔

(جاری ہے)

گرمی کی شدت کے پیش نظر کیمپوں کے اندر ایئر کنڈیشننگ اور وینٹی لیشن کے نظام پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ کوآرڈینیٹر مکہ نے کہا کہ ہر 32 بیڈز کے بلاک کے لیے جدید ایئر کنڈیشنرز نصب کیے گئے ہیں جن کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ خیموں میں حجاج کے سامان کے لیے ہینگرز اور اضافی جگہ کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ خیموں کے اندر ہجوم کا احساس نہ ہو۔

طبی سہولیات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کیمپوں کے اندر ہی ڈسپنسری اور میڈیکل کلینکس قائم کیے گئے ہیں۔ ان کلینکس میں ایک ڈاکٹر اور دو پیرامیڈکس ہمہ وقت دستیاب ہوں گے جبکہ ہنگامی صورتحال کے لیے آکسیجن سلنڈرز اور فرسٹ ایڈ کی تمام ضروری ادویات بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت برائے مذہبی امور اور پاکستانی حکام کے باہمی تعاون سے یہ تمام انتظامات وقت سے کافی پہلے مکمل کر لیے گئے ہیں۔\932