ٹرمپ کا گولڈن ڈوم منصوبہ امریکا کو کھربوں ڈالرز میں پڑنے کا امکان

بدھ 13 مئی 2026 21:25

ٹرمپ کا گولڈن ڈوم منصوبہ امریکا کو کھربوں ڈالرز میں پڑنے کا امکان
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ گولڈن ڈوم میزائل دفاعی نظام کی لاگت سے متعلق نئی رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس منصوبے پر آئندہ 20 برس میں تقریبا 1.2 ٹریلین ڈالرز خرچ ہونے کا امکان ہے، جو ابتدائی اندازوں سے کئی گنا زیادہ ہے۔امریکی کانگریشنل بجٹ آفس کی تازہ تجزیاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ برس اس منصوبے کی لاگت تقریبا 175 ارب ڈالرز بتائی تھی، تاہم اب اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اصل اخراجات اس سے کہیں زیادہ ہوں گے۔

گولڈن ڈوم منصوبہ اسرائیل کے مشہور آئرن ڈوم طرز کے دفاعی نظام پر مبنی ہو گا، جس کا مقصد دشمن کے میزائل حملوں کو فضا میں ہی شناخت کر کے تباہ کرنا ہے، منصوبے میں خلا میں ہتھیار نصب کرنے جیسے جدید دفاعی اقدامات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی کانگریس اب تک اس منصوبے کے لیے تقریبا 24 ارب ڈالرز کی منظوری دے چکی ہے، ٹرمپ نے اپنے پہلے صدارتی ہفتے میں اس منصوبے کی تنصیب کا حکم دیا تھا اور ان کی خواہش ہے کہ یہ نظام جنوری 2029 میں ان کی مدتِ صدارت ختم ہونے سے پہلے فعال ہو جائے۔دفاعی ماہرین کا کہنا تھاکہ اتنی بڑی لاگت امریکی بجٹ پر بھاری دبا ڈال سکتی ہے، جبکہ ناقدین اس منصوبے کو انتہائی مہنگا اور غیر حقیقت پسندانہ قرار دے رہے ہیں۔