حج آپریشن2026: 72 ہزار سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، مزید 39 فیصد عازمین 21 مئی تک پہنچیں گے

بدھ 13 مئی 2026 16:22

حج  آپریشن2026: 72 ہزار سے زائد  عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے، مزید 39 فیصد ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2026ء) پاکستان کے مختلف شہروں سے روٹ ٹو مکہ سمیت 282 پروازوں کے ذریعے اب تک 72 ہزار71 عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جو کہ مجموعی کوٹے کا 61فیصد ہے ۔ باقی 39 فیصد عازمین 21 مئی تک مختلف پروازوں کے ذریعے پہنچیں گے۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستان سے عازمینِ حج کی سعودی عرب آمد کا عمل تیزی سے اپنے آخری مراحل کی جانب بڑھ رہا ہے اب تک مجموعی طور پر 282 پروازوں کے ذریعے پاکستانی عازمین کو حجازِ مقدس پہنچایا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

143 پروازیں براہِ راست مدینہ منورہ اور 139 پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئیں۔ پاکستان کے کل حج کوٹے کا 61 فیصدیعنی 72,071 عازمین ارضِ مقدس پہنچے ہیں۔سعودی عرب پہنچنے والے عازمین میں سے 67,887 عازمین مکہ مکرمہ میں مقیم ہیں، جبکہ 4,184 عازمین اس وقت مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔عازمین کی آمد کے ساتھ ہی فیلڈ میں 1,320 خدام اور معاونین تعینات ہیں تاکہ ایئرپورٹ سے رہائش گاہوں تک منتقلی کے عمل کو سہل بنایا جا سکے۔وزارتِ مذہبی امور کے مطابق فلائٹ آپریشن شیڈول کے مطابق جاری ہے اور بقیہ عازمین کی آمد بھی مقررہ وقت کے اندر مکمل کر لی جائے گی۔