سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرصدارت اہم اجلاس

پنجاب میں سپورٹس کے فروغ کیلئے عالمی معیار کے منصوبہ جات پر کام جاری ہے

جمعہ 8 مئی 2026 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی، جمعتہ المبارک کو ہونیوالے اجلاس میں پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کو اپنے ڈویژن میں کھیلوں کی سرگرمیوں، مقبول گیمز، جاری ترقیاتی سکیموں اور دستیاب سپورٹس سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی، اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی ، ایڈیشنل سیکرٹری شبیرحسین چیمہ ، ڈائریکٹر سپورٹس چاندپروین ، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد ودیگر نے شرکت کی ۔

سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کے فروغ کیلئے عالمی معیار کے منصوبہ جات پر کام کیا جارہا ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید اور بہترین کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جاسکیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ تمام ڈویژنز میں سپورٹس کی ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں 48، ڈیرہ غازی خان میں 68 ، سرگودھا میں 59 ، فیصل آباد میں 57، ملتان میں 55 اور ساہیوال میں 41 سپورٹس سہولیات موجود ہیں۔سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمن نے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران کو ہدایت دی کہ نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی ذمہ داریاں مزید موثر انداز میں انجام دیں تاکہ پنجاب کو سپورٹس میںملک کا مثالی صوبہ بنایا جاسکے۔