پاکستان کے محمد شعیب نے میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں جگہ بنالی

ہفتہ 9 مئی 2026 19:40

پاکستان کے محمد شعیب نے میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ 2026  کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) پاکستان کے محمد شعیب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میکڈونلڈز پاکستان آئی ٹی ایف چیمپئن شپ 2026 (ITF M-15 Leg-2) کے فائنل میں جگہ بنالی۔ہفتہ کو یہاں پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں مینز سنگلز کےسیمی فائنل میں اٹلی کے ایڈورڈو چیری لگنیئر کو 6-3، 6-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

محمد شعیب نےپورے میچ میں جارحانہ اور پراعتماد ٹینس کا مظاہرہ کیا اپنی شاندار فارم سے ہوم کراؤڈ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ اس بین الاقوامی مقابلے میں 22 ممالک کے 86 مرد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ شرکت کرنے والے ممالک میں پاکستان، کویت، روس، ازبکستان، سویڈن، مراکش، ملائیشیا، برطانیہ، اٹلی، لتھوانیا، چین، ترکی، الجزائر، کینیڈا، آئرلینڈ، پولینڈ، ہانگ کانگ، یونان، لبنان، جرمنی، فرانس اور جاپان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سمیر حمزہ ریگوئیگ (الجیریا)، جس کی اے ٹی پی رینکنگ 844 ہے، ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ ہیں۔ اس فتح کے ساتھ اعصام الحق قریشی کے بعد محمد شعیب آئی ٹی ایف پروفیشنل ایونٹ کے بیک ٹو بیک فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، کرنل ضیاء الدین طفیل اور پوری پی ٹی ایف انتظامیہ نے محمد شعیب کو اس کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور فائنل کے لیے ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

میچ کے بعد محمد شعیب نے اپنی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین ٹینس کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ اتوار کو فائنل جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔محمد شعیب نے پاکستان میں ITF M-15 ٹورنامنٹس کے کامیابی سے انعقاد اور مقامی کھلاڑیوں کو قابل قدر بین الاقوامی ایونٹس فراہم کرنے پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دریں اثنا، روسی جوڑی آندرے کنیتسن اور نکیتا ایانین نے فائنل میں شاندار کارکردگی کے ساتھ میکڈونلڈز پاکستان ITF چیمپئن شپ 2026 – ITF M-15 Leg-2 ڈبلز ٹائٹل پر قبضہ کر لیا۔مینز ڈبلز فائنل میں آندرے کنیتسن اور نکیتا ایانین نے ترکیہ کے میرٹ ناسی ٹرکر اور ملیح اناوتن کو 6-0، 7-6(7) سے شکست دی۔