ڈھاکا ٹیسٹ : بنگلا دیش کیخلاف مضبوط آغاز کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی

ٹیسٹ مین ڈیبیو کرنے والے اوپنر اذان اویس نے سنچری سکور کی جبکہ عبداللہ فضل 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 10 مئی 2026 11:09

ڈھاکا ٹیسٹ : بنگلا دیش کیخلاف مضبوط آغاز کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن ..
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 مئی 2026ء ) ڈھاکا ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کے اذان اویس نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کر ڈالی۔ اذان اویس کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے 14ویں بیٹر بن گئے، جنہوں نے 153 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی اور 103 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ پاکستان کےعبداللہ فضل نے بھی کیرئیر کے پہلے ہی ٹیسٹ میں ففٹی اسکور کی۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں تیسرے دن کا کھیل جاری ہے۔ آج قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگ کا آغاز ایک وکٹ پر 179 رنز سے کیا۔ پاکستان کی جانب سے کریز پر موجود اذان اویس نے 84 اور عبداللّٰہ فضل نے 37 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا، بعدازاں اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے اذان اویس پہلے ہی سیشن میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد پاکستان کی تیسری وکٹ 226 رنز پر گر گئی جب کپتان شان مسعود 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے اگلے ہی اوور میں 227 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی جب سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ٹیم کے مجموعی 230 اسکور پر عبداللہ فضل 60 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اور یوں پاکستان کی پانچ وکٹیں گرگئیں۔ اس سے قبل پہلی اننگ میں بنگلادیش کی ٹیم 413 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ نجم الحسن شانتو 101، مومن الحق 91 اور مشفیق الرحیم 71 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ پاکستان کے محمد عباس نے 5 اور شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔