سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرصدارت اجلاس ،تمام ڈویژنل سپورٹس افسران کی آن لائن شرکت

جمعہ 8 مئی 2026 21:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔ جمعہ کو کو ہونیوالے اجلاس میں پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب کو اپنے ڈویژن میں کھیلوں کی سرگرمیوں، مقبول گیمز، جاری ترقیاتی سکیموں اور دستیاب سپورٹس سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی ، ایڈیشنل سیکرٹری شبیرحسین چیمہ ، ڈائریکٹر سپورٹس چاندپروین ، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد ودیگر نے شرکت کی ۔سیکرٹری سپورٹس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کے فروغ کیلئے عالمی معیار کے منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید اور بہترین کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ تمام ڈویژنز میں سپورٹس کی ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ فضل الرحمن نے مزید کہا ہے کہ لاہور ڈویژن میں 48، ڈیرہ غازی خان میں 68 ، سرگودھا میں 59 ، فیصل آباد میں 57، ملتان میں 55 اور ساہیوال میں 41 سپورٹس سہولیات موجود ہیں۔انہوں نے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران کو ہدایت دی کہ نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی ذمہ داریاں مزید موثر انداز میں انجام دیں تاکہ پنجاب کو سپورٹس میںملک کا مثالی صوبہ بنایا جاسکے۔