کینیڈا کے آسمان پر پراسرار روشنی نے کھلبلی مچادی‘رہائشی حیرت زدہ رہ گئے

ہفتہ 9 مئی 2026 21:16

اوٹاوہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2026ء) کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے رہائشی اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب رات کے وقت آسمان پر ایک عجیب و غریب روشن منظر نمودار ہوا۔آہستہ آہستہ حرکت کرتی اس پراسرار روشنی کو کئی افراد نے یو ایف او اور خلائی مخلوق سے جوڑ دیا، جبکہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں گردش کرتی رہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ روشن منظر سیکڑوں کلومیٹر دور تک دیکھا گیا اور ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے آسمان میں کوئی شے بکھر رہی ہو، غیر معمولی منظر نے لوگوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا اور متعدد ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔بعد ازاں ماہرین فلکیات نے اس پراسرار روشنی کی حقیقت واضح کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دراصل فالکن 9 راکٹ لانچ کے بعد پیدا ہونے والاجیلی فش ایفیکٹ تھا۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق راکٹ کے دوسرے مرحلے سے خارج ہونے والا دھواں زمین کی بلند فضا میں پھیل گیا، جس پر سورج کی روشنی پڑنے سے مخروطی شکل کی ایک روشن ساخت بن گئی، یہی منظر شہریوں کے لیے حیرت اور تجسس کا باعث بنا۔ماہرین نے مزید بتایا کہ جدید خلائی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث اس نوعیت کے مناظر اب پہلے کے مقابلے میں زیادہ دیکھنے کو مل رہے ہیں، تاہم عام افراد کے لیے یہ اب بھی پراسرار اور دلچسپ محسوس ہوتے ہیں۔