Live Updates

ایران نے کویت میں پاسدارانِ انقلاب کے چار اہلکاروں کی گرفتاری کی تصدیق کردی

بدھ 13 مئی 2026 21:40

ایران نے کویت میں پاسدارانِ انقلاب کے چار اہلکاروں کی گرفتاری کی تصدیق ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) کویت کی جانب سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے چار اراکین کو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے پر گرفتار کرنے کے اعلان کے بعد ایرانی وزارتِ خارجہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ کویت کی سمندری حدود میں ان کا داخلہ ان کی کشتی کے نیویگیشن نظام میں خرابی کا نتیجہ تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یہ افراد معمول کی بحری گشت پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کویت کی وزارتِ خارجہ اور وزارتِ داخلہ کے بیانات میں ایران پر کویت کے خلاف تخریبی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے جو الزامات عائد کیے گئے ہیں وہ مکمل طور پر بے بنیاد ہیں اور انہیں مسترد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

کویت کی وزارتِ خارجہ نے اس واقعے کو تخریبی عمل اور کویت کی خودمختاری پر کھلا حملہ قرار دیا تھا۔

کویت کی وزارتِ داخلہ نے بھی کل اعلان کیا تھا کہ اس نے پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ چار دراندازوں کو گرفتار کیا ہے، جو سمندر کے راستے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔کویتی وزارتِ داخلہ کے بیان کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے دو کرنل، ایک کیپٹن اور ایک لیفٹیننٹ شامل ہیں اور انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کا مشن کویت کے بوبیان جزیرے میں دراندازی کرنا تھا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات