گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی ملاقات

اتوار 10 مئی 2026 21:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2026ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ملاقات کی۔گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں گورنر نے پی ایس ایل گیارہ کی کامیابی پر جاوید آفریدی کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ یہ پورے صوبہ کی فتح ہے اور اسے بھرپور انداز سے پورے صوبہ کی سطح پر منایا جائے گا۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے انٹرنیشنل کرکٹ کے فروغ کےلیے صوبہ میں جدید سہولیات سے آراستہ سٹڈیم ، ہوٹل اور دیگر سہولیات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ میں کھیلوں کا فروغ صوبہ کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیئے انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان ہر شعبہ میں باصلاحیت ہیں انکی سرپرستی اور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔انہوں نے ملک اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کے حوالہ سے پشاور زلمی اور جاوید آفریدی کے کردار کو سراہا۔ جاوید آفریدی نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور صوبہ کے سافٹ امیج کے حوالہ سے گورنر خیبرپختونخوا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کی متحرک شخصیت اور کردار انتہائی لائق ستائش ہے۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا کرکٹ لیگ کے حوالہ سے بھی گفتگو کی گئی۔