Live Updates

ایرانی سماجی کارکن نرگس محمدی کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا

پیر 11 مئی 2026 12:03

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) ایرانی حکام نے نوبل امن انعام یافتہ سماجی کارکن نرگس محمدی کو ضمانت پر رہا کر دیا ، انہیں علاج کے لیے تہران کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات ان کے حمایتی کمیشن نےبتائی۔کمیشن کے مطابق انہیں شمالی ایران کے شہر زنجان کے ہسپتال میں 10 دن زیر علاج رکھنے کے بعد بھاری ضمانت کے عوض عارضی رہائی دی گئی۔

بعد ازاں انہیں ایمبولینس کے ذریعے تہران منتقل کیا گیا تاکہ ان کا علاج ان کی ذاتی میڈیکل ٹیم کرے۔54 سالہ نرگس محمدی نے 2023 میں نوبل امن انعام حاصل کیا تھا۔ اس وقت وہ خواتین کے حقوق کے فروغ اور سزائے موت کے خاتمے کی مہم کے باعث قید میں تھیں۔انہیں دو ہفتے قبل دل کا دورہ بھی پڑا ۔فروری میں ان کے حامی کمیشن نے بتایا کہ انہیں 7 سال چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے اور نوبل کمیٹی نے ایران سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہیں دسمبر میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب انہوں نے وکیل خسرو علی کردی کی موت پر احتجاج کیا تھا۔ایرانی پراسیکیوشن کے مطابق انہوں نے یادگاری تقریب میں اشتعال انگیز بیانات دیے تھے،جنوری میں ایران نے وسیع احتجاجی مظاہروں کے دوران انٹرنیٹ سروسز محدود کر دی تھیں، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق احتجاج میں شامل افراد کے خلاف سزائے موت کے فیصلوں پر عمل درآمد بھی جاری رہا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات