شاہد آفریدی نے اپنی بیٹیوں کو کب موبائل فون دیا ؟، سابق کپتان کا حیرت انگیز انکشاف

بچوں کی اصل اور مؤثر تربیت کی ذمہ داری والدین پر عائد ہوتی ہے، تربیت درست نہ ہو تو دین و دنیا کی تعلیم کا مطلوبہ فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 مئی 2026 15:21

شاہد آفریدی نے اپنی بیٹیوں کو کب موبائل فون دیا ؟، سابق کپتان کا حیرت ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 مئی 2026ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ دینی اور دنیاوی تعلیم دونوں نہایت ضروری ہیں، تاہم بچوں کی اصل اور مؤثر تربیت کی سب سے بڑی ذمہ داری والدین پر عائد ہوتی ہے، ان کے مطابق اگر تربیت درست نہ ہو تو دین اور دنیا کی تعلیم کا مطلوبہ فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا۔ 
ایک نجی سکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ والدین عموماً بہت کم عمری میں، یعنی ڈھائی سے تین سال کے بچوں کو سکولوں کے حوالے کر دیتے ہیں جو ان کے مطابق ایک بڑی غلطی ہے۔

 
انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اس غلطی کا اعتراف کرتے ہیں تاہم اب ان کا ماننا ہے کہ بچوں کی 5 سال کی عمر تک بنیادی تربیت گھر میں ہونا انتہائی ضروری ہے اور اس حوالے سے ماں باپ سے بہتر کوئی استاد نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

 

 انہوں نے مزید کہا کہ انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں، لیکن اگر بچے کی تربیت اچھی ہو تو وہ ہمیشہ صحیح راستے کی طرف لوٹ آتا ہے، اس لیے والدین کو تعلیم سے زیادہ تربیت پر توجہ دینی چاہیے۔ 
شاہد آفریدی نے آج کے دور میں والدین کی جانب سے بچوں کو خاموش کرانے کے لیے موبائل فون دینے کے رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی اولاد کو اس عادت سے دور رکھیں۔ 
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کو نکاح کے بعد موبائل فون دیا۔