لبنان میں اسرائیلی کیمیکل بموں کا استعمال، زخمیوں کے جسموں سے چوکور ذرات برآمد

غزہ کی طرح لبنان میں زخمی شہریوں کے جسموں میں بھی ننھے ٹنگسٹن کیوبز پائے گئے، سرجن ڈاکٹر طاہر محمد

پیر 11 مئی 2026 16:15

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2026ء) لبنان پر اسرائیلی حملوں کے دوران استعمال ہونے والے ہتھیاروں سے متعلق تشویشناک انکشاف سامنے آیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنگی سرجن ڈاکٹر طاہر محمد نے کہا کہ اسرائیلی بموں سے نکلنے والے مہلک دھاتی ذرات لبنان میں زخمی ہونے والے شہریوں کے جسموں سے بھی برآمد ہو رہے ہیں، جو اس سے قبل غزہ میں شدید اندرونی زخموں کا سبب بن چکے ہیں۔

سرجن ڈاکٹر طاہر محمد نے بتایا کہ لبنان میں اسرائیلی حملوں کے زخمیوں کے جسموں سے باریک دھاتی ذرات برآمد ہوئے ہیں، جو دھماکے کے بعد جسم کے اندر پھیل کر شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ننھے ٹنگسٹن کیوبز اسرائیلی بموں سے خارج ہوتے ہیں اور انسانی جسم میں داخل ہو کر اعضا کو بری طرح متاثر کرتے ہیں، جس کے باعث زخمیوں کا علاج انتہائی پیچیدہ ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر محمد کے مطابق یہی دھاتی ذرات اس سے قبل غزہ میں بھی شہریوں کے جسموں میں پائے گئے تھے، جہاں ان کے باعث تباہ کن اندرونی زخم سامنے آئے۔انہوں نے اسرائیلی ہتھیاروں کو اندھا دھند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ہتھیار عام شہریوں کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید دعوی کیا کہ اسرائیل غزہ اور لبنان میں بھی ایسے بم استعمال کر چکا ہے جن کے اثرات انسانی جسم پر نہایت مہلک ہوتے ہیں۔