آسٹریلیا میں دائیں بازو کی جماعت کی تاریخی کامیابی، پہلی بار ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت لی

پیر 11 مئی 2026 22:31

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2026ء) آسٹریلیا میں دائیں بازو کی جماعت کی تاریخی کامیابی، پہلی بار ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت لی۔ ون نیشن پارٹی نے آسٹریلیا کی تاریخ میں پہلی بار ایوانِ نمائندگان کی نشست جیت کر اہم سیاسی کامیابی حاصل کرلی۔ ابتدائی انتخابی نتائج کے مطابق جماعت کے امیدوار ڈیوڈ فارلے نے ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے جنوب مغربی حلقے فرر میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں واضح برتری حاصل کرلی ہے۔

یہ جماعت کی 30 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ اسے ایوانِ زیریں میں نمائندگی ملی ہے۔ جماعت کو آسٹریلیا میں سخت گیر دائیں بازو کی سیاست سے جوڑا جاتا ہے۔ ڈیوڈ فارلے نے کامیابی کے بعد کہا کہ جماعت اب نئے دور میں داخل ہو چکی ہے اور اس کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ماضی میں سخت امیگریشن پالیسی، زرعی اصلاحات اور مہنگائی میں کمی کے حق میں مؤقف اختیار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی امیگریشن پالیسی ملک کی لیبر مارکیٹ اور زرعی ضروریات کے مطابق ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی جو ملک پر معاشی بوجھ بنیں، جبکہ حکومت کی پالیسیاں دنیا نہیں بلکہ آسٹریلیا کے مفادات کے مطابق بنائی جائیں گی۔یہ نشست سینٹر رائٹ لبرل پارٹی کی سابق رہنما سوسان لے کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔آسٹریلوی پارلیمان میں اس وقت آسٹریلین لیبر پارٹی کو 150 میں سے 94 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل ہے، تاہم سیاسی تجزیہ کار اس کامیابی کو دنیا بھر میں دائیں بازو کی عوامی جماعتوں کی بڑھتی مقبولیت کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :