سرگودھا میں جاری ’’معرکہ حق سرگودھا سکواش لیگ“اختتام پذیر، وسیم جعفر چیمپئن قرار

پیر 11 مئی 2026 20:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور سرگودھا ڈویژن سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ ”معرکہ حق سرگودھا سکواش لیگ “شاندار مقابلوں کے بعد کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ لیگ میں مینز، گرلز اور بگنرزکی مختلف کیٹیگریز کے 25 مردوخواتین کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور سنسنی خیز میچز جمخانہ کلب اور ڈویژنل سکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے جہاں کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

مینز سینئر کیٹیگری میں وسیم جعفرنے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ شاہ زیب رنراپ رہے۔مینز جونیئرکیٹیگری میں محمد انس آصف فاتح قرار پائے جبکہ محمد احتشام دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

گرلز کیٹیگری کے فائنل میں عائشہ ممتاز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عنیبا کو شکست دے کر چیمپئن بننے کااعزازحاصل کیا۔

بگنرز کیٹیگری میں علی گوہر نے کامیابی سمیٹی جبکہ محمدعبداللہ شیخ رنراپ رہے۔تقریبِ تقسیمِ انعامات کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ایشین بزنس کونسل و فیڈرل پریذیڈنٹ نیشنل پیس کمیٹی محمد خالد شیخ تھے۔انہوں نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور اور چیئرمین کمپری ہینسو گروپ وارث ندیم وڑائچ کے ہمراہ کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پرمنتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ شرکاءنے پاک فوج کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی، قومی سلامتی کے عزم اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ مہمانِ خصوصی محمد خالدشیخ کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی مثبت سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں میں نظم و ضبط، مقابلے کا جذبہ اور صحت مند سوچ کو فروغ دیتی ہیں بلکہ قومی اتحاد، حب الوطنی اور یکجہتی کے جذبے کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :