ایف آئی اے فیصل آباد نے رواں سال کے دوران 232 انسانی اسمگلرز گرفتار کرلئے

پیر 11 مئی 2026 21:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) ایف آئی اے فیصل آباد نے رواں سال کے دوران 232 انسانی اسمگلرز گرفتار کر لئے۔ 1,134 انکوائریاں اور 326 مقدمات درج کئے گئے،11 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد رقم متاثرین کو واپس، 40 ملزمان کو سزاء دلوائی گئی۔ ایف آئی اے فیصل آباد کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ رواں سال کے دوران اب تک انسانی اسمگلنگ سے متعلق 1,134 انکوائریاں درج کی گئیں، انکوائریوں کی بنیاد پر 326 مقدمات کا اندراج عمل میں لایا گیا ۔

ایف آئی اے کی ٹیموں نے 232 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا۔ مزید برآں، متعلقہ عدالتوں نے 40 مقدمات میں ملزمان کو شواہد اور ثبوتوں کی بنیاد پر سزا سنائی۔ ایف آئی اے فیصل آباد زون نے کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلرز سے 11 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کرکے متاثرین کو واپس کر دی۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ ایف آئی اے فیصل آباد نے رواں سال انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

حکام نے عوام کو ہدایت کی کہ بیرونِ ملک روزگار یا سفر کے لیے صرف لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز سے رابطہ کریں، کسی بھی ایجنٹ کو رقم ادا کرنے سے قبل اس کی مکمل تصدیق کریں اور تمام ادائیگیوں کی باقاعدہ رسید حاصل کریں۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو اس جرم سے محفوظ رکھنے کے لیے ایف آئی اے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :