پیپرز لیک ہونے کے حوالہ سے انکوائری جاری ہے ، ڈاکٹر سلیم تقی شاہ

منگل 12 مئی 2026 15:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) سیکرٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کہا ہے کہ پیپرز لیک ہونے کے حوالہ سے انکوائری جاری ہے،بورڈ کی بدنامی کا باعث بننے والے کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار کا اظہار انہوں نے سیکرٹری بورڈ کااضافی چارج سنبھالنے کے بعد ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے برانچ افسران کے ساتھ ہونے والی اپنی پہلی میٹنگ کے موقع پرکیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کی پابندی لازم و ملزوم ہے کسی بھی آرگنائزیشن کی ترقی و ترویج کیلئے ڈسپلن کو کلیدی حیثیت حاصل ہوتی ہے جہاں نظم و ضبط نہیں ہو گا وہ ادارہ کسی بھی صورت ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ 20 مئی سے امتحان انٹرمیڈیٹ (اول) سالانہ 2026 کا انعقاد ہونے جا رہا ہے یہ عام امتحان نہیں اسی امتحان پر بچوں کے مستقبل کے فیصلے ہوا کرتے ہیں اس لئے تمام متعلقہ برانچز و ملازمین اپنی آنکھیں کھلی رکھ کر فرائض سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غفلت و لاپرواہی کے مرتکب جبکہ محنتی اور ڈسپلن کے پابندملازمین کسی بھی صورت ایک جیسے نہیں ہوتے کیونکہ اداروں میں عزت صرف محنت، لگن اور دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دینے والے ملازمین کو میسر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام برانچ افسران اپنی فائلوں کو ہر لحاظ سے مکمل اور چھان پرکھ کر لائیں کیونکہ ادھوری اور بغیر ڈائری نمبر کے آنے والی کوئی بھی فائل نہ تو وصول ہو گی اور نہ ہی اس پر کسی قسم کی کوئی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کام کے سلسلہ میں دور دراز سے آنے والے سائلین کے ساتھ انتہائی خندہ پیشانی سے پیش آئیں بداخلاقی و کام میں بلاوجہ رکاوٹ ڈالنے والے ملازمین کے ساتھ سخت کارروائی کی جائے گی۔میٹنگ میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن نوید حسین قریشی، ڈپٹی کنٹرولر انٹر برانچ چوہدری محمد یوسف،ویلفیئر آفیسر سردار ڈاکٹر عبدالرحیم بابر ڈوگر، اسسٹنٹ کنٹرولر میٹرک فلک شیر بھٹی،سسٹم اینالسٹ محمد طارق، اسسٹنٹ سیکرٹری رجسٹریشن لال اختر، اوسی پی ضیاء الاسلام،اسسٹنٹ سیکرٹری سٹور ملک محمد ارشد، اسسٹنٹ کنٹرولر کنڈکٹ ملک محمد سلیم، پی ایس ٹو چیئرپرسن رانا جمشید علی، پی اے محمد عارف،اسسٹنٹ کنٹرولر ریکارڈ قیصر ریاض،سپرنٹنڈنٹ اسٹیٹ برانچ رانا خالد بشیر، سپرنٹنڈنٹ آڈٹ برانچ حاجی ریاض ڈوگر،لائبریرین رانا ذوالفقار منہاس اور پی آر او ساجد نقوی سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

اس موقع پر تمام برانچ افسران نے ڈاکٹر سلیم تقی شاہ کو سیکرٹری بورڈ کا اضافی چارج ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔