Live Updates

کم لاگت ایل این جی، قومی خزانے کو کروڑوں ڈالر کی بچت متوقع، ملک خدا بخش

منگل 12 مئی 2026 17:05

کم لاگت ایل این جی، قومی خزانے کو کروڑوں ڈالر کی بچت متوقع، ملک خدا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) ایف پی سی سی آئی کی سینٹرل انرجی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ قطر سے کم قیمت ایل این جی کارگو کی کامیاب آمد پاکستان کیلئے نہ صرف ایک اہم معاشی کامیابی ہے بلکہ موجودہ خطے کی کشیدہ صورتحال میں یہ ایک بڑی اسٹریٹجک پیش رفت بھی ہے۔ ملک خدا بخش نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خلیجی خطے میں غیر یقینی حالات کے باوجود قطر سے ایل این جی کی بروقت اور محفوظ ترسیل اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی سفارتی حکمت عملی، معاشی پالیسی اور توانائی کے شعبے میں منصوبہ بندی درست سمت میں گامزن ہے۔

کنوینرانرجی اسٹینڈنگ کمیٹی کا کہنا تھا کہ کم قیمت قطری ایل این جی انتظامات کے باعث پاکستان کو دو ایل این جی کارگو کی درآمد سے تقریباً 22 سے 50 ملین امریکی ڈالر تک بچت متوقع ہے، فی کارگو تقریباً 22 ملین ڈالر درآمدی لاگت میں بچت ہوگی جبکہ دیگر متعلقہ آپریشنل اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی، جس سے مجموعی طور پر قومی معیشت کو بڑا سہارا ملے گا۔

(جاری ہے)

ملک خدابخش نے کہا کہ اس پیش رفت سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہوگا، مہنگے اسپاٹ مارکیٹ کارگو پر انحصار میں کمی آئے گی اور توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سستی ایل این جی کی دستیابی سے بجلی کی پیداوار میں استحکام آئے گا، صنعتی شعبے کو گیس کی بہتر فراہمی ممکن ہوگی اور پیداواری لاگت میں کمی سے برآمدی صنعتوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

کنوینر ایف پی سی سی آئی انرجی اسٹینڈنگ کمیٹی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی مؤثر قیادت، بروقت فیصلوں اور سفارتی رابطہ کاری نے مشکل علاقائی حالات میں بھی پاکستان کیلئے توانائی کی بلاتعطل فراہمی ممکن بنائی۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز جیسے حساس سمندری راستے سے ایل این جی کارگو کی کامیاب ترسیل اس بات کی غماز ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر متوازن سفارتکاری اور امن کے فروغ کیلئے مثبت کردار ادا کررہا ہے۔

ملک خدا بخش نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں ایسے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا گیا تو پاکستان نہ صرف توانائی بحران پر قابو پاسکے گا بلکہ صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور معاشی استحکام کی جانب بھی تیزی سے پیش رفت ممکن ہوگی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات