گورنرپنجاب نے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی بل 2026ء پر دستخط کر دئیے

منصوبے میں بند سینما ہالز کو جدید سہولیات کے ساتھ بحال بھی کیا جائے گا

منگل 12 مئی 2026 17:20

گورنرپنجاب نے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی بل 2026ء پر دستخط کر دئیے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حید رخان نے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی بل 2026ء پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے بعد یہ قانون پورے صوبے میں نافذ العمل ہو گیا ہے۔نئے قانون کے تحت پنجاب فلم سٹی اتھارٹی قائم کی جائے گی جس کا مقصد فلم انڈسٹری کی بحالی، روزگار کے مواقع اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔

(جاری ہے)

منصوبے کے اہم نکات کے مطابق فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کیلئے تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا اورسینما کی ترقی کیلئے ون ونڈو سہولت کاری فراہم ہوگی جبکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں موبائل، اوپن ایئر اور کمیونٹی سینما قائم کیے جائیں گے۔حکام کے مطابق منصوبے میں بند سینما ہالز کو جدید سہولیات کے ساتھ بحال کرنے اور پرانی فلموں کی ڈیجیٹائزیشن اور سینما ورثے کا تحفظ کرنا بھی شامل ہے اس اقدام سے نہ صرف فلمی صنعت کو نئی زندگی ملے گی بلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے دروازے بھی کھلیں گے اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔