وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس

منگل 12 مئی 2026 16:30

وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا بارے اہم اجلاس منعقدہوا۔سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے اجلاس میں شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے ہیلتھ اکانومسٹ ڈاکٹر محمد عدنان خان، مشیر صحت پنجاب میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی، چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ڈین جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسنات احمد خان، ڈین نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میجر جنرل ریٹائرڈ سید خرم شہزاد، ہسپتال ڈائریکٹر نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد آصف چھٹہ، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر محمد وارث فاروقہ، چیف فارماسسٹ پی آئی سی لاہور نادیہ قمر اور فارماسسٹ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا ثناء اللہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمد کمال مان، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری انور بریار ،آئی ڈیپ سے مائرہ علی و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی ڈیپ کی ٹیم نے دونوں کارڈیک انسٹی ٹیوٹس پر جاری پیش رفت بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،دونوں کارڈیک انسٹی ٹیوٹس میں انشاء اللہ مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کے نئے کارڈیک انسٹی ٹیوٹس کیلئے بہترین ایچ آر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔مشیر صحت پنجاب میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہاکہ حکومت پنجاب امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے بین الاقوامی سطح کے کارڈیک انسٹی ٹیوٹس بنا رہی ہے۔صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے کہاکہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ دونوں کارڈیک انسٹی ٹیوٹس مقررہ وقت پر فعال کئے جائیں،ان کارڈیک اداروں میں امراض قلب میں مبتلا ہزاروں مریض مستفید ہوں گے۔