ایچ ای سی کا انجینئرنگ تعلیم و تحقیق کے معیار کی بہتری کے لیے اعلی سطحی کمیٹی قائم

منگل 12 مئی 2026 16:30

ایچ ای سی کا انجینئرنگ تعلیم و تحقیق کے معیار کی بہتری کے لیے اعلی سطحی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ملک میں انجینئرنگ تعلیم اور تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ ایچ ای سی نے وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کو کمیٹی کا سربراہ منتخب کیا ۔یہ کمیٹی ملک بھر میں انجینئرنگ ایجوکیشن اور ریسرچ میں درکار اصلاحات کے لیے جامع سفارشات مرتب کرے گی۔

اسی سلسلے میں یونیورسٹی آف چکوال میں ریفارمز ان انجینئرنگ ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے بطور کمیٹی سربراہ خصوصی شرکت کی۔ وہ ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ شریک ہوئے، جس میں ڈائریکٹر اسٹڈیز، ڈائریکٹر آرک اور ڈائریکٹر ایکسٹرنل لینکجز شامل تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار کے دوران انجینئرنگ کے شعبے میں درپیش چیلنجز، نصاب میں جدت، تحقیق کے فروغ اور صنعت و اکیڈمیا کے روابط کو مضبوط بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر یونیورسٹی آف چکوال کے وائس چانسلر ڈاکٹر فرخ ارسلان صدیقی جو یو ای ٹی لاہور کے ایلومنائی بھی ہیں، نے مہمان وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوں جامعات کے مابین تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران یو ای ٹی لاہور اور یونیورسٹی آف چکوال کے درمیان تدریسی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

معاہدے کے تحت فیکلٹی ایکسچینج، جوائنٹ ریسرچ سپرویژن اور طلبہ کے تبادلہ پروگرامز شروع کیے جائیں گے، جو ملک میں انجینئرنگ تعلیم کے معیار کو مزید بلند کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر شاہد منیر کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف انجینئرنگ کے شعبے میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات کی راہ ہموار کرے گا بلکہ قومی سطح پر تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان مثر روابط کو بھی مضبوط بنائے گا۔

متعلقہ عنوان :