علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بسر کا اجلاس، 33 پی ایچ ڈی سکالرز کے تحقیقی خاکے پیش

پیر 11 مئی 2026 17:11

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بسر کا اجلاس،  33 پی ایچ ڈی سکالرز کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیرِ صدارت بورڈ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ (بسر) کا 77واں اجلاس منعقد ہوا جس میں مجموعی طور پر 33 پی ایچ ڈی سکالرز نے اپنے تحقیقی خاکے (سائناپسز) پیش کئے۔ اجلاس کے پہلے روز فیکلٹی آف ایجوکیشن اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز سے تعلق رکھنے والے 16 پی ایچ ڈی سکالرز نے اپنے تحقیقی منصوبے پیش کئے جنہیں شرکاء نے سراہتے ہوئے سکالرز کے علمی معیار، تحقیقی گہرائی اور تنقیدی صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے مختلف ڈینز، سینئر پروفیسرز، فیکلٹی ممبران اور ملک کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے ممتاز بیرونی ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کا ایجنڈا ڈائریکٹر بسر پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے پیش کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے سکالرز پر زور دیا کہ وہ اپنی تحقیق میں جدت، قومی سماجی و معاشی ترقی اور بین الاقوامی تحقیقی معیارات کو مدنظر رکھیں تاکہ تحقیق کے مثبت اثرات معاشرے تک مؤثر انداز میں منتقل ہو سکیں۔

موضوعِ تحقیق کی الاٹمنٹ کے حوالے سے وائس چانسلر نے فیکلٹیوں کو بھی ہدایت کی کہ تحقیق کے ایسے موضوعات منتخب کئے جائیں جو عصری تقاضوں، قومی ترجیحات اور علمی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں تاکہ جامعات میں معیاری اور مؤثر تحقیق کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس کے شرکاء نے تحقیق کے معیار کو مزید بہتر بنانے، اسے بین الاقوامی تحقیقی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور بین الشعبہ جاتی تحقیق کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ معیاری تحقیق نہ صرف علمی ترقی کا اہم ذریعہ ہے بلکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔اجلاس کے دوسرے روز فیکلٹی آف سائنسز اور فیکلٹی آف عربک اینڈ اسلامک سٹڈیز سے تعلق رکھنے والے 17 ریسرچ سکالرز اپنے تحقیقی خاکوں کا دفاع کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :