ؔوفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ سے سرگودھا بار کے وفد کی ملاقات، وکلاء کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

۶بار رومز کی بہتری اور لائبریری کی تزئین و آرائش: حکومت وکلائ کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے

جمعرات 14 مئی 2026 04:55

.اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2026ء) وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے سرگودھا بار ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وکلائ برادری کو درپیش مختلف مسائل اور بار کی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت صدر اور سیکرٹری سرگودھا بار نے کی۔ملاقات کے دوران وفد نے وفاقی وزیر کو وکلاء کو درپیش پیشہ ورانہ مشکلات اور سرگودھا بار میں بنیادی سہولیات کی کمی سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بالخصوص لیڈیز بار روم کی بہتری اور بار لائبریری کی جدید خطوط پر تزئین و آرائش سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وفد کے مطالبات کو غور سے سنا اور سرگودھا بار کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور مالی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری انصاف کی فراہمی کے نظام میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے انہیں کام کے لیے سازگار ماحول اور بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بار ایسوسی ایشنز کی مضبوطی سے قانون کی حکمرانی کو تقویت ملتی ہے۔ وفد نے وفاقی وزیر کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی اور مثبت رویے پر ان کا شکریہ ادا کیا