افریقہ کے وسائل پر افریقی عوام کا پہلا حق، انتونیو گوتیرش

یو این بدھ 13 مئی 2026 22:00

افریقہ کے وسائل پر افریقی عوام کا پہلا حق، انتونیو گوتیرش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 13 مئی 2026ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ جب براعظم افریقہ ترقی کرتا ہے تو اس سے پوری دنیا فائدہ اٹھاتی ہے۔ افریقہ کے بلند عزائم کو پورا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری، مزید منصفانہ بین الاقوامی نظام، اور باہمی احترام پر مبنی شراکت داری ناگزیر ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں 'افریقہ فارورڈ سمٹ' کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افریقہ آگے بڑھ رہا ہے اور قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔

افریقی ممالک آج دنیا میں جاری اہم مباحثوں میں پیش پیش ہیں جن میں عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کا معاملہ خاص طور پر اہم ہے۔ یہ نظام 1945ء میں ایک ایسی دنیا کے لیے تشکیل دیا گیا تھا جو اب بدل چکی ہے۔

(جاری ہے)

Tweet URL

انہوں نے افریقہ کو درپیش رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی نظام افریقہ کو شامل کیے بغیر بنایا گیا تھا اور آج بھی یہ بڑی حد تک اسی انداز میں چل رہا ہے جس کے باعث صدیوں پرانی ناانصافیاں برقرار ہیں۔

افریقہ کی آبادی ڈیڑھ ارب سے زیادہ ہے مگر سلامتی کونسل میں اس کی کوئی مستقل نشست نہیں۔ یہ افریقہ ہی کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا نقصان ہے۔

موسمیاتی انصاف کی ضرورت

سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ افریقہ کو موسمیاتی انصاف میں مرکزی اہمیت دی جانا چاہیے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی لانے میں اس کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے اور اس کے باوجود یہ براعظم عالمی اوسط کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے بڑھتی حدت کا سامنا کرتے ہوئے اس کے تباہ کن اثرات بھگت رہا ہے۔

ان میں آبادیوں کی نقل مکانی، فصلوں کی تباہی اور معاشی دھچکے شامل ہیں۔

انتونیو گوتیرش نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں بے یقینی، معدنی ایندھن کی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ اور تجارت میں رکاوٹیں افریقہ میں مالی دباؤ، مہنگائی اور پسماندگی کا باعث بن رہی ہیں۔

اگر مناسب سرمایہ کاری میسر آئے تو افریقہ 2040 تک مکمل طور پر قابل تجدید ذرائع سے اپنی ضرورت سے 10 گنا زیادہ بجلی پیدا کر سکتا ہے۔

افریقی وسائل پر افریقیوں کا حق

افریقہ ان اہم معدنی وسائل سے مالا مال ہے جو ماحول دوست معیشت کی جانب منتقلی میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ بدقسمتی سے افریقہ کے وسائل طویل عرصہ تک لوٹے جاتے رہے، ان کی اصل قدر کہیں اور منتقل ہوتی رہی جبکہ ماحولیاتی تباہی افریقہ کے حصے میں آئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب مزید استحصال اور لوٹ مار کی گنجائش نہیں۔ افریقہ کے وسائل سے پہلے اور سب سے زیادہ فائدہ افریقہ کے عوام کو ہی ہونا چاہیے۔