ستھرا پنجاب منصوبے میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن

محکمہ اینٹی کرپشن نے 12 افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا

muhammad ali محمد علی بدھ 13 مئی 2026 23:19

ستھرا پنجاب منصوبے میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2026ء) ستھرا پنجاب منصوبے میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن، محکمہ اینٹی کرپشن نے 12 افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں ستھرا پنجاب منصوبے میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، اس حوالے سے صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن بھی متحرک ہو گیا۔

جیو نیوز کے مطابق مبینہ کرپشن اسکینڈل کی وجہ سے قومی خزانے کو 15کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔ محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق ڈیجیٹل ریکارڈ میں ردوبدل اور فراڈکی تحقیقات شروع کر کے نجی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ایف ڈبلیوایم سی کے 12 افسران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ سامنے آنے والی دستاویزات کے مطابق 2317 کوڑے کنٹینرز ظاہر کیےگئے مگر فیلڈ میں صرف 1717 موجود نکلے، گھوسٹ سینٹری ورکرز کی جعلی حاضریوں سے سرکاری خزانےکو نقصان پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق مہنگے منی ڈمپرز کی جگہ سستے لوڈر رکشے استعمال کیے گئے، صفائی آپریشن کے دوران کے پی آئی ڈیٹا میں مبینہ ہیر پھیرکی گئی، مشینری، اسٹاف اور آپریشنل سرگرمیوں کی تعداد بڑھاچڑھاکر ظاہر کی جاتی رہی۔ دستاویزات میں بتایاگیاکہ ڈیجیٹل پورٹل میں تبدیلی کرکے اضافی ادائیگیاں وصول کی گئیں، شہری اور دیہی علاقوں کے صفائی کنٹریکٹ میں سنگین بےضابطگیاں ہوئیں۔

یہاں واضح رہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز نے بھی اپنے ایک حالیہ بیان میں ستھرا پنجاب منصوبے کے کامیاب نہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ میں جاپان اور سنگاپور گئی ان کا سسٹم 24/7 کام کرتا ہے، مجھے اپنے سسٹم پر شرم آتی ہے ، 2 سالوں میں ستھرا پنجاب کی وہ کارکردگی نہیں ہوئی جو ہونی چاہیے تھی، ستھرا پنجاب کوئی ڈیسک جاب نہیں، جو حاضری لگا کر غائب ہوگا اس کی تنخواہ میں کٹوتی ہوگی۔

حکومت پنجاب نے ستھرا پنجاب کی 40 ہزار گاڑیاں اور 1 لاکھ 76 ہزار ورکرزکی اے آئی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ستھرا پنجاب ایک بہت بڑا منصوبہ ہے اور اس کی حفاظت کرنا میرا فرض ہے۔میں ستھرا پنجاب منصوبے کو کبھی بھی کرپشن یا سیاسی مداخلت کا شکار نہیں ہونے دوں گی۔ واضح کر دینا چاہتی ہوں ستھرا پنجاب منصوبے میں کرپشن یا سیاسی سفارش کی کوئی گنجائش نہیں۔ ستھرا پنجاب میں کوئی غیر دستاویزی کام برداشت نہیں ہوگا۔